لاہور : پنجاب اور کے پی کے میں اسموگ کے باعث معمولات زندگی کے علاوہ بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، سسٹم کوٹرپنگ سے بچانے کیلئے ٹرانشمیشن لائنز کی نگرانی بڑھا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کے پی کے میں آلودہ دھند کے باعث جہاں کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے وہیں بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے، گزشتہ روز گیارہ مین لائنز ٹرپ کر گئیں، ان میں پانچ سو اور دو سو بیس کے وی کی لائنز شامل تھیں تاہم مرمت مکمل ہونے کے بعد ٹرپنگ سے بچنے کیلئے ٹرانشمیشن لائنز کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔
بریک ڈاون کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بجلی فراہمی کی صورتحال خراب رہی، لاہورمیں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، جس نے شہریوں کو دہری اذیت کا سامنا ہے۔
لیسکو کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے، ملک میں بجلی کی طلب 12 ہزار میگا واٹ جبکہ پیداوار 10 ہزار میگاواٹ ہے۔
حکومت کی جانب سے فرنس آئل پر چلنے والے مہنگے پاور پلانٹس بند کئے جانے کے باعث طلب و رسد کا نظام عدم توازن کا شکار ہوا۔
مزید پڑھیں : بجلی کی پیداوار میں کمی، لوڈشیڈنگ میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ
دوسری جانب سندھ کے کئی شہروں میں بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پاور پلانٹس کو دو سو ایم ایم سی ایف گیس بند کر دی، جس سے چشمہ پاور پلانٹ ایک ، دو اور تین نے کام چھوڑ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیزل پر چلنے والے مہنگے پاور پلانٹ سے بھی پیداوار نہیں ہو رہی، تربیلا اور منگلا ڈیم سے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج ہوا ہے، جس کی وجہ سے ہائیڈل پیداوار صرف ستائیس سو میگاواٹ رہ گئی ہے۔
، خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک کےمختلف علاقےشدید دھند اوراسموگ کی لپیٹ میں ہیں، گرد آلود غبار نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے جبکہ آلودہ دھند بیماریوں کا سبب بن رہی ہے۔