کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی کے باوجود کے الیکٹرک کی کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، شہری پریشان ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن بھی بوتل سے باہر آگیا، کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہوگئے۔
کراچی کے علاقے ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، ملیر، کھوکھراپار، شاہ فیصل کالونی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، سعود آباد، احسن آباد، کیماڑی، لیاری میراں ناکہ، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی، ناتھ کراچی، نصرت بھٹو کالونی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہری بے حال ہوگئے اور پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔
نارتھ ناطم آباد بلاک ٹی میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، کورنگی نمبر 5 ایریا 36 سی میں 12 سے 13 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، لانڈھی زمان آباد، کورنگی ڈھائی نمبر، ریس کورس روڈ بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
گلستان جوہر کے مختلف بلاکس میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، گلزار ہجری اسکیم 33 اور صفورا چورنگی کے اطراف بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، شاہ فیصل کالونی نمبر 5، روشن آباد میں صبح دس بجے سے بجلی غائب ہے۔