اتوار, نومبر 24, 2024
اشتہار

ممتحن نے گرمی سے پریشان طلبہ کے لیے امتحانی گتے کو دستی پنکھا بنا لیا، بورڈ چیئرمینز لوڈ شیڈنگ کے آگے بے بس

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ بھر کے میٹرک بورڈ چیئرمینز لوڈ شیڈنگ کے آگے بے بس ہو گئے ہیں، حیدرآباد میں ایک اسکول میں ممتحن نے گرمی سے پریشان طلبہ کے لیے امتحانی گتے کو دستی پنکھا بنا لیا، ویڈیو میں انھیں پنکھا جھلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں میٹرک کے امتحانات بری طرح نقل اور لوڈ شیڈنگ کے نرغے میں آ چکے ہیں، ایسے میں امتحان لینے والے استاد کی ایک ویڈیو سامنے آ گئی جس میں وہ امتحانی گتے کو دستی پنکھا بنا کر گرمی سے پریشان طلبہ کو جُھلا رہے ہیں۔

یہ ویڈیوز حیدرآباد شہر کے حیات آباد اسکول کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چھت کے پنکھے بند پڑے ہوئے ہیں اور طلبہ سخت گرمی میں پرچا دینے پر مجبور ہیں، لڑکوں کو آستینوں سے چہرے سے پسینہ صاف کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

- Advertisement -

نقل، کسی اور کو امتحان میں بٹھانے پر 1 سے 3 سال پابندی کا عندیہ

کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے امتحانی مراکز پر جاری لوڈ ششڈنگ پر چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کے الیکٹرک بادشاہ ہے وہ حکومت کی بھی نہیں سنتے، اے آر وائی نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کے الیکٹرک وزیر اعلیٰ اور وزرا کی بات نہیں سنتی، میں تو صرف ایک بورڈ کا چیئرمین ہوں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ انتہا کو پہنچنے لگی ہے، کم سےکم 14 گھنٹے اور زیادہ سے زیادہ 18 گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی ہے، شہباز شریف نے کہا تھا یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی لیکن ایسا لگ رہا ہے جیسے انھوں نے کہا ہو کہ یکم مئی سے بجلی نہیں آئے گی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ رات کو گھر میں بجلی، نہ دن میں امتحانی مراکز میں، بچے میٹرک کے امتحانات کی تیاری کیسے کریں؟ پرچے کیسے دیں؟ ملک کا کوئی والی وارث نہیں، کہاں جائیں؟ کس سے فریاد کریں؟

اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی حکومت کے محمکہ بورڈ و جامعات کی جانب سے سندھ بھر میں بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو خطوط ارسال کیے گئے تھے، لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک سمیت حیسکو لیسکو اور دیگر اداروں نے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

میٹرک بورڈ کے چیئر مین شرف علی شاہ کی جانب سے تمام امتحانی مراکز کی فہرست اور طلبہ کی تعداد اور امتحانات کے اوقات کار کا ڈیٹا بھی دیا گیا تھا، اسی طرج سندھ کے دیگر بورڈ کے چیئرمینز کی جانب سے متعلہ اضلاع کے حکام کوآگاہ کیا گیا تھا، تاہم لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

Comments

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں