ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

گزشتہ برس بھارت نے ایل او سی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی: وزارت خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزارت خارجہ حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے اجلاس میں اپنی بریفنگ میں بتایا کہ سنہ 2019 میں بھارت نے جنگ بندی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس چیئرمین ساجد میر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت خارجہ حکام نے کمیٹی کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اپنی بریفنگ میں وزارت خارجہ حکام نے بتایا کہ بھارتی خلاف ورزیوں اور نقصانات کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں، قیام پاکستان سے اب تک کے نقصانات کی رپورٹ کے لیے وقت درکار ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ چند سال سے خلاف ورزیاں بھارت کا معمول بن گئی ہیں، سنہ 2019 میں بھارت نے جنگ بندی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی۔ جارحیت پر بھارتی ہائی کمشنر کو بلا کر احتجاج کیا جاتا ہے۔

وزارت خارجہ حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سے متعلق تمام آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ کشمیر کا معاملہ ٹھنڈا پڑ جانے کا تاثر درست نہیں۔

سینیٹر صلاح الدین ترمذی نے دریافت کیا کہ مسئلہ کشمیر پر وزیر خارجہ ملتان کےعلاوہ کن ممالک میں گئے؟ سابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیر خارجہ 5 اگست کے بعد 50 ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملے۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں 54 وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا اب کشمیر کے معاملے پر آواز اٹھا رہا ہے۔ ان کیمرہ اجلاس میں کمیٹی کو زیادہ تفصیل سے آگاہ کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بہت سے ممالک مسئلہ کشمیر پر ہمارا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر عمل افسوسناک ہے، مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد میں بلایا جائے۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے کیمپوں کی حالت زار پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے کیمپوں کے خود متعدد دورے کیے ہیں۔ وزارت خارجہ حکام کی جانب سے کہا گیا کہ کیمپوں میں سہولتیں بہتر بنانے کے منصوبے جاری ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں