راولپنڈی : ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور اہلکار سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ پاکستانی حکومت نے بھارتی ہائی کمشنر کو دوبارہ دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیاہے۔
تفصیلات کے مطابق بغل میں چُھری اور منہ میں رام رام کے مصداق بھارت اپنی دوغلی پالیسی سے باز نہ آیا۔ ایک طرف نریندرمودی کی پاکستان کویومِ آزادی کی مبارکباد تو دوسری طرف بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوگیا۔
بھارتی فوج کی راولا کوٹ کے نیزہ پیر سیکٹر پر گولہ باری اور فائرنگ سے اک موہری نامی گاؤں کی بیالیس سالہ خاتون شہید ہوگئیں۔
گولہ باری سے خاتون کی دو بیٹیاں اور خاوند بھی زخمی ہوئے۔ بھارتی فائرنگ سے اہلکار سمیت دو افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلا اشتعال شیلنگ دن کے آغاز میں نیزا سیکٹر میں شروع ہوئی جس کا پاکستان فورسز نے بھرپور جواب دیا ۔
عسکری ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کافائر کیا گیا شیل متاثرہ خاندان کے گھر پر گراتھا۔ بھارتی فوج پاکستان کے ہر اہم دن پر ایسی شر انگیز کارروائیاں کرتی ہے۔
پاکستان کی متعدد بار شکایات کے باوجود اقوامِ متحدہ بھی اب تک کوئی مؤثر اقدامات نہیں کئے۔