کراچی : سائیں سرکار نے بلدیاتی انتخابات سے صرف ایک روز پہلے وزیر بلدیات ناصر شاہ کو عہدے سے ہٹادیا، رات گئے دفتر کھلوا کر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا.
کل صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کیلئے پولنگ ہے اور وزیراعلی سندھ نے وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ فارغ کرکے بلدیات کا قلمدان بھی خود ہی سنبھال لیا.
سائیں سرکار نے رات گئے محکمہ کوآرڈینیشن کا دفتر کھلوا کر نوٹی فکیشن جاری کردیا.
سید ناصر حسین شاہ کو رواں سال23جولائی کوشرجیل انعام میمن کی جگہ وزیربلدیات سندھ مقرر کیا گیا تھا، نوٹی فکیشن کے مطابق محکمہ بلدیات کا قلمدان بھی اب وزیراعلیٰ سندھ کے پاس ہی رہے گا.
قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ اور ناصر حسین شاہ کے درمیان اختلافات
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ اور ناصر حسین شاہ کے درمیان سکھر میونسپل کے چیئرمین شپ کے اختلافات شروع ہوئے تھے، دو روز قبل قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد ناصر حسین شاہ کو وزارت سے چھٹی کرانے کا فیصلہ ہوا تھا.
ذرائع کے مطابق ناصر حسین شاہ اسلم شیخ کو سکھر میونسپل کا چیئرمین بنانا چاہتے تھے، اسلم شیخ سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی محمد علی شیخ کے بھائی ہیں.
ذرائع کے مطابق خورشید شاہ اپنے بیٹے کی چیئرمین شپ کیلئے کوشاں ہیں جبکہ ناصر حسین شاہ کا تعلق مہر گروپ سے ہے اور ناصر حسین شاہ کی وزارت جانے کے بعد مہر گروپ ناراض ہے.