کراچی : کراچی سمیت سندھ کےاضلاع میں108بلدیاتی نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کل ہوگی، اب تک29 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں پولنگ کل بروز اتوار ہوگی، کراچی کی چھ نشستوں اور سندھ کے29اضلاع میں ضمنی الیکشن کے لیے عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
اب تک بلدیاتی نشستوں کی خالی141نشستوں پر29 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں کیونکہ سندھ کے3اضلاع شہداد کوٹ، شکارپور اور سکھر میں کسی امیدوار نے فارم جمع نہیں کرائے۔
اس کے علاوہ کراچی میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشستیں ان کے استعفوں کے بعد خالی ہوئیں تھیں، اس حوالے سے ذرائع کے مطابق پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) نے کسی بھی بلدیاتی نشست پر اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا جبکہ پیپلزپارٹی ایم کیوایم اور پی ٹی آئی سمیت دیگرجماعتوں کے امیدوار انتخابی میدان میں مدمقابل ہیں۔
ایسٹ زون میں ضلع شرقی کی دو، کورنگی کی ایک، ملیر کی5 نشستوں پر انتخاب ہوگا جبکہ پانچ لاکھ سے زائد مرد و خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔