اشتہار

بلدیاتی ضمنی الیکشن، حیدرآباد میں بیلٹ پیپرز اور فہرستیں لوٹ لی گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

بلدیاتی ضمنی الیکشن کے سلسلے میں حیدرآباد میں بھی پولنگ جاری دو گروپوں کے درمیان جھگڑے میں ایک پولنگ اسٹیشن میں بلیٹ پیپرز اور فہرستیں لوٹ لی گئی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے حیدرآباد میں نمائندے ناصر حسن کے مطابق بلدیاتی ضمنی الیکشن کے سلسلے میں کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع سمیت حیدرآباد میں بھی پولنگ ہو رہی ہے اس دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا اور یوسی 119 میں امیدواروں کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوا ہے جس میں پولنگ بوتھ سے بیلٹ پیپرز اور فہرستیں لوٹ لی گئیں۔

غیر متعلقہ افراد پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوگئے، انہوں نے بیلٹ باکس توڑے اور پولنگ بند کرا دی جس کے لیے انہوں نے انتخابی عملے کو باہر نکالا جب کہ پولیس اہلکاروں کو بھی دھکے دیے۔

- Advertisement -

دوسری جانب انتظامیہ نے مذکورہ حلقے میں جھگڑے کا نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمیشن اور ڈی آر او نے یوسی 119 میں الیکشن معطل کرتے ہوئے مذکورہ پورے حلقے میں پولنگ روک دی ہے۔

ادھر نیو کراچی رشید آباد میں پولنگ اسٹیشن کے قریب جھگڑے کا واقعہ پیش آیا اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی۔ پولیس حکام کے مطابق اضافی نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے اور پولنگ کا عمل پرامن طور پر جاری ہے۔

دوسری جانب پولنگ کے دوران کراچی بہار کالونی میں 12 پولنگ اسٹیشن پر بجلی معطل ہوگئی۔ ایک گھنٹہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہوسکی جس کے باعث پولنگ کا عمل متاثر اور ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں آج پولنگ ہو رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں