کراچی: صوبہ سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جب کہ پہلے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 788 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
پیپلز پارٹی نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں اسے بڑی کامیابی نصیب ہوئی ہے، جس سے پارٹی کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق شہید بینظیر آباد سے 132، جیکب آباد سے 114، کشمور سے 103، شکار پور سے 42، میرپور خاص سے 70، عمر کوٹ سے 71، خیرپور سے 63، نوشہرو فیروز سے 59 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔
سانگھڑ سے 67، لاڑکانہ سے 13، قمبر شہدادکوٹ سے 67، گھوٹکی سے 35، سکھر سے 28، جب کہ تھرپارکر سے 21 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے ہی میں عوام نے ہمارے مخالفین کو مسترد کر دیا ہے، اور اس جیت سے تنقید کرنے والے سندھ حکومت کی کارکردگی کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، پولنگ شروع
واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبے بھر کے 14 اضلاع میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
14 اضلاع میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، شکار پور، خیر پور، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، کشمور، کندھ کوٹ، گھوٹکی اور تھر پارکر شامل ہیں۔