اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کل ہی ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ممبر پنجاب، کے پی اور ایڈیشنل سیکرٹری شریک ہوئے جبکہ ممبر سندھ نثار درانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کراچی سے ویڈیولنک کےذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط اور سیکشن 34 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس ایک گھنٹے سے جاری رہا۔
الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہی ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ کل کے بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
یاد رہے سندھ حکومت کی طرف سے الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیا تھا ، جس میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ خط میں کہا تھا کہ اسٹیٹک ڈیوٹی کے لئے فوج اور ریجرز بھی دستیاب نہیں، سندھ آئی جی پولیس نے بھی ملتوی کرنے کی تجویز دی۔