تازہ ترین

کورونا وائرس : حکومت کا 14 اپریل تک لاک ڈاؤن برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد : وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ یکم سے14اپریل تک موجودہ صورتحال کوجاری رکھاجائے گا، لاک ڈاؤن کے دوران ادویات کی فراہمی بدستور جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے یکم سے14اپریل تک لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال کو برقرعار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے پریس کانفرنس میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

نیشنل کمانڈ کوآرڈینشن کمیٹی میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ آج فیصلہ ہوا ہے کہ یکم سے14اپریل تک موجودہ صورتحال کو جاری رکھا جائے گا،14اپریل سے پہلےاین سی سی میٹنگ میں بندشیں رکھنے نہ ہٹانے کافیصلہ ہوگا۔

صوبوں کی مشاورت سے14اپریل تک موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران ادویات کی فراہمی بدستور جاری رہے گی، سب نے یقین دلایا ہے کہ این سی سی کے فیصلوں پرعملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کلہ سروسز اور صنعتیں جو بنیادی ضرورت کی چیزیں بناتی ہیں وہ کھلی رہیں گی کیونکہ کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی صنعتوں کو کھلارکھنا بہت ضروری ہے، اس کے علاوہ گڈز ٹرانسپورٹ پر کوئی بندش نہیں ہوگی، اس حوالے سے ایک آدھ شکایات آرہی ہیں۔

اسدعمر نے بتایا کہ چار اپریل کو ایک پرواز چلے گی، تمام پروازیں ایک ساتھ بحال نہیں کی جائیں گی،4اپریل کو بیرون ملک سے ایک پرواز اسلام آباد میں آئے گی، اسلام آباد آنے والے مسافروں کو شہرکے دیگرعلاقوں میں بھجوانے کا انتظام کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پرواز کے تمام مسافروں کو ایئرپورٹ پرقرنطینہ میں رکھ کرٹیسٹ کیا جائیگا، مسافروں کے ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں جانے دیا جائے گا، کراچی میں بھی کچھ وقت بعد پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ صوبوں کے وفاق سے جتنے مؤثر روابط ہونگے اتنے بہتر طریقے سے ہم مدد کر پائیں گے، ماضی میں بیرون ملک سے آنےوالوں کی وجہ سے کورونا پھیلاہے، اندرون ملک پروازوں پر بندش جاری رہے گی، بندشوں کی وجہ سے کوروناوائرس کے پھیلاؤ میں کمی ہوئی ہے جبکہ مزید بندشوں کی ضرورت ابھی محسوس نہیں کی گئی۔

Comments

- Advertisement -