لندن: برطانوی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام کاروباری مراکز پیر سے کھولنے کی اجازت دے دی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے اعلان کے بعد کل یعنی پیر سے برطانیہ میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کردی جائے گی، جس کے تحت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تمام تعلیمی ادارے حجام کی دکانیں، بیوٹی پارلر، ریسٹورنٹ مکمل طور پر کھلیں گے۔
حکومت نے سماجی فاصلوں پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کیے جس کے تحت مصروف شاہراہوں کی فٹ پاتھوں کو یک طرفہ قرار دے دیا گیا یعنی اب عوام کو ایک طرف سے ہی جانے کی اجازت ہوگی۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چلتے وقت بائیں جانب ہوکر چلیں، ایس او پیز کے تحت بس اسٹاپس، عوامی مقامات پر نصب بینچز، کوڑے دانوں کو وقفے وقفے سے صاف کیا جائے گا۔
حکومت نے برطانیہ میں حفاظتی تدابیر کے حوالے سے 2 ہزار 500 سے زائد پوسٹرز بھی آویزاں کیے ہیں، جس میں شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ کسی بھی مقام پر زیادہ دیر تک نہ رکیں۔
دوسری جانب برطانیہ میں گزشتہ تین ماہ کے عرصے میں آج کے دن سب سے کم 36 مریضوں کی اموات ہوئیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 1 ہزار 514 کیسز رپورٹ ہوئے۔