لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دیں گے، ہیلتھ پروفیشنلز کو یہ اضافی تنخواہ یکم اپریل سے ملےگی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے گا،کسی کو حکومتی اقدامات کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں اب تک کرونا سے 3232 متاثرہ مریض ہیں،صوبے میں کرونا کے550 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تقریباً 56 ہزار ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں، نئی لیبارٹریز کو چندروز میں فنکشنل کر دیا جائے گا۔
پنجاب حکومت کا کرونا کے پیش نظر رمضان بازار نہ لگانےکا فیصلہ
اس سے قبل لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت رمضان پیکج پر اجلاس ہوا جس میں پنجاب حکومت نے کرونا کے پیش نظر رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے رمضان میں عوام کو براہ راست ریلیف کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو براہ راست کیش رقم ادا کی جائے گی۔