کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ سندھ کے 22 متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اب تک 43 ہزار 72 ہیکٹرز پر اسپرے کیا گیا، صوبائی حکومت ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بھی اسپرے مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اسپرے اور سروے آپریشن کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے 22 متاثر اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اب تک 43 ہزار 72 ہیکٹرز پر اسپرے کیا گیا ہے۔
سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت نے 32 ہزار 782 ہیکٹرز پر اسپرے کر کے ٹڈی دل کا خاتمہ کیا، وفاق کی 6 ٹیموں نے اب تک ریگستانی علاقوں میں 10 ہزار 290 ہیکٹرز پر اسپرے کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کے ٹڈی دل سے 22 متاثرہ اضلاع میں اب تک 76 لاکھ 81 ہزار 486 ہیکٹرز پر سروے کیا گیا ہے۔
اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ اس وقت دادو، سکھر، خیر پور، نوشہرو فیروز، شہید بے نظیر آباد، سانگھڑ اور دیگر اضلاع میں اسپرے مہم جاری ہے جبکہ سندھ کی 98 ٹیمیں، 25 گاڑیاں، ٹریکٹر اور وفاق کی 6 ٹیمیں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ میں فضائی اسپرے کا کوئی انتظام نہیں کیا،ایک جہاز بھیجا تھا جو خراب ہوگیا، جہاز 10 دنوں سے کراچی میں مرمت کے لیے کھڑا ہے۔
اسماعیل راہو کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کرونا وائرس کے ساتھ ساتھ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بھی اسپرے مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔