اسلام آباد: وفاقی وزیر غذائی تحقیق و تحفظ فخر امام نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کی ملین، بلین نہیں بلکہ ٹریلین میں پیداوار بڑھتی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فخر امام نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ٹڈی دل سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کے نقصانات کی رپورٹس ابھی موصول نہیں ہوئی،صوبائی حکومتوں سے ٹڈی دل سے نقصانات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
فخر امام کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کا مسئلہ تقریباً گزشتہ سال اپریل سے جاری ہے،ٹڈی دل 90 میل فی دن کے حساب سے سفرکرتا ہے،ٹڈی دل کی ملین،بلین نہیں بلکہ ٹریلین میں پیداوار بڑھتی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر غذائی تحقیق و تحفظ نے کہا کہ ٹڈی دل کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے مؤثراقدامات کیے جا رہے ہیں،حکومت جہازوں سے اسپرے سمیت مختلف آپشنز استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے 8 ہیلی کاپٹرز اور 8 ہزارجوان اسپرے مہم میں حصہ شریک ہیں۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چین نے ٹڈی دل کے خلاف ساڑھے 4 ملین ڈالر کا سامان دیا ہے،چین ہمیں ٹڈی دل کے خلاف ڈرون بھی جلد دے رہا ہے۔