اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

مودی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: ریاست منی پور میں خانہ جنگی پر لوک سبھا (پارلیمنٹ) میں بحث نہ کروانے کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے نریندر مودی کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 26 جماعتی اتحاد انڈیا بشمول کانگریس دو ہفتے سے منی پور میں خانہ جنگی پر لوک سبھا میں بحث کا مطالبہ کر رہی تھی لیکن مودی سرکار حیلے بہانوں سے فسادات پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے سے گریزاں رہیں۔

اس پر اپوزیشن اتحاد نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا اور آج پارلیمنٹ میں پیش کر دی گئی۔ دوپہر 12 بجے کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے تحریک پیش کی جسے اسپیکر اوم برلا نے منظور کرلیا۔

- Advertisement -

اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ ایوان کے اراکین سے صلاح و مشورہ کرنے کے بعد تحریک عدم اعتماد پر بحث کیلیے وقت مقرر کیا جائے گا۔

بھارت میں تحریک عدم اعتماد کوئی بھی رکن پیش کر سکتا ہے تاہم اس کیلیے اسے کم از کم 50 اراکین پارلیمنٹ کی حمایت درکار ہوتی ہے۔ تحریک کی منظوری کے بعد اس پر 10 دن کے اندر بحث لازمی ہوتی ہے جس کیلیے اسپیکر وقت مقرر کرنے کا پابند ہوتا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا سننے کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے تھے۔ انہوں نے اپوزیشن اتحاد کو ’ایسٹ انڈیا کمپنی‘ سے تشبیہ دی تھی۔

خیال رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے بھی ریاست منی پور میں خواتین پر انسانیت سوز واقعات کو تشویشناک قرار دیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں