ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

لندن میں پی آئی اے کے طیارے سے مبینہ طورپرمنشیات برآمد

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : پی آئی اے کی پرواز پی کے758 کو برطانوی کسٹم حکام منشیات کی موجودگی کے شبے میں تلاشی کے بعد کلیئر قرار دے دیا، طیارہ اسلام آباد سے لندن پہنچا تو کسٹم حکام نے طیارے کے عملے کو روک لیا تھا، پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی حکام نے تحریری طور پرآگاہ نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق لندن سے لاہور کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے طیارے میں منشیات کی موجودگی کے شبے میں برطانوی کسٹم حکام نے تلاشی لی، پرواز جیسے ہی لندن پہنچی کسٹم حکام نے طیارے کو گھیرے میں لے لیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے شک کی بنیاد پربرطانوی حکام نے عملے کے تیرہ ارکان کو اپنی تحویل میں لیا،جہاز کو بھی شک کی بنیاد پرحصارمیں لیا گیا تھا، تحویل میں لئے گئے عملے کے ارکان میں کپتان حامد گردیزی، فرسٹ آفیسر ایوب اور دس فضائی میزبان شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق جہاز اور کِرو کے سامان کی تلاشی کے بعد اسے چھوڑدیا گیا۔ بعد ازاں بارڈر سیکیورٹی فورس نے کیپٹن حامد گردیزی کا پاسپورٹ واپس کردیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تلاشی کا عمل چھ گھنٹے سے زائد جاری رہا، جس کے باعث لندن سے لاہور آنے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی ، ترجمان کا کہنا ہے برطانوی حکام سےطیارے کو روکنے کے بارےمیں پوچھیں گے۔

دوسری جانب پی آئی اے کے طیارےسے ہیروئن برآمد ہونے کے معاملہ کے حوالے سے پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی حکام نے تحریری طور پرآگاہ نہیں کیا۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کسٹم حکام نے تحویل میں لئے گئے افراد کے پاسپورٹ اہنے پاس رکھ کران کے فنگر پرنٹس بھی لے لیے ہیں اور اس کی وجہ سے وہ برطانیہ نہیں چھوڑ سکیں گے۔

علاوہ ازیں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے طیارے سے گذشتہ رات لندن ہیتھرو ہوائی اڈے پر ہیروئین برآمد ہوئی تھی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق نیشنل کرائم ایجنسی نے بھجوائے گئے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔ ایجنسی نے بیان میں مزید کہا کہ اس حوالے سے کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور تفتیش جاری ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق برطانوی حکام نے ایئرلائن کے جن 13 ملازمین کو پوچھ گچھ کے لیے روکا تھا انہیں بعد میں چھوڑ دیا گیا ، ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ برطانوی حکام نے منشیات برآمدگی کے حوالے سے تحریری طور پرآگاہ کرنے کے بجائےاسٹیشن منیجر کو صرف زبانی آگاہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق برطانوی بارڈرسیکیورٹی فورس نے کیپٹن حامد گردیزی کا پاسپورٹ واپس کردیا ہے، جس کے بعد حامد گردیزی آج لندن سے پی آئی کی پرواز آپریٹ کرینگے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں