لندن : برطانوی پولیس نے لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر ایک بھارتی خاتون کو گرفتار کیا ہے جس کے قبضے سے نقد رقم سے بھرے ہوئے پانچ سوٹ کیس برآمد ہوئے، ملزمہ یہ رقم دبئی لے کر جارہی تھی۔
لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے پولیس نے ایک عورت کو اسمگلنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق30سالہ بھارتی خاتون کا نام تارا ہینلن ہے، اور وہ ہیتھرو سے ایک کمرشل فلائٹ کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں دبئی جانا چاہتی تھی۔
مذکورہ خاتون کے پاس پانچ سوٹ کیس تھے جو برطانوی کرنسی سے کھچا کھچ بھرے ہوئے تھے۔ شمالی انگلینڈ میں لیڈز کی رہنے والی یہ خاتون گزشتہ ہفتے دبئی جانے والی تھی کہ ایئر پورٹ حکام نے شک کی بنیاد پر اسے روک لیا۔
شک پڑنے پر جب یوکے بارڈر فورس کے اہلکاورں نے اس خاتون کے سوٹ کیسوں کی تلاشی لی تو ان میں سے 1.9 ملین پاؤنڈ کے کرنسی نوٹ برآمد ہوئے۔ یہ رقم 2.44 ملین امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ برطانیہ کے کسی بھی بارڈر پر بارڈر فورس کی طرف سے سال رواں کےدوران قبضے میں لی گئی یہ سب سے بڑی رقم ہے۔ اس خاتون کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزم میں مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پیر پانچ اکتوبر کو اسے ایک مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش بھی کر دیا گیا۔ عدالت نے اسے پانچ نومبر تک پولیس کی تفتیشی تحویل میں دے دیا ہے۔
برطانوی حکومت کے مطابق وہ منی لانڈرنگ اور اس سے متعلق جرائم کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے تاکہ برطانیہ سے غیر اعلانیہ یا غیر قانونی طور پر باہر لے جائی جانے والی رقوم کو منظم جرائم کے لیے استعمال نہ کیا جاسکے۔