لندن : فلسطینی پرچم لے کر بگ بین ٹاور پر چڑھنے والے نوجوان پر فردِ جرم عائد کردی گئی، دو روز قبل نوجوان بگ بین ٹاور پر فلسطینی پرچم لے کر چڑھ گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں فلسطینی پرچم لے کر پارلیمنٹ کے بگ بین ٹاور پر چڑھنے والے شخص پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
عدالت نے ملزم پر عوامی پریشانی کا باعث بننے اور ممنوعہ علاقےمیں داخل ہونے پر فرد جرم عائد کی۔
دو روز قبل نوجوان بگ بین ٹاور پر فلسطینی پرچم لے کر چڑھ گیا تھا اور فلسطینی پرچم لہراتے نوجوان نے فلسطین آزاد کروانے کے نعرے بھی لگائے تھے۔
مزید پڑھیں : ویڈیو : لندن کے کلاک ٹاور پر فلسطینی پرچم لہرانے والے شخص کے ساتھ کیا ہوا؟
جس کے باعث برطانوی پارلیمنٹ اور ویسٹ منسٹر پیلس کے نزدیک واقع بگ بین ٹاور کے اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئی تھیں تاہم نوجوان ٹاور پر چڑھنے کے 16 گھنٹوں کے بعد نیچے اترنے پر راضی ہوا تھا۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کے اترنے اور اس کی گرفتاری کے بعد تمام سڑکیں ٹریفک کیلیے دوبارہ کھول دی گئی تھی۔
قبل ازیں جائے وقوعہ پر موجود صحافیوں نے بتایا تھا کہ اس شخص کے پاؤں سے خون بہہ رہا تھا، اس دوران وہاں لوگوں کا ہجوم اکھٹا ہوگیا جو پولیس کے گھیرے کے پیچھے کھڑا تھا۔