لندن: لندن میں منی لانڈرنگ کیس کی بند کمرے میں سماعت ہوئی، جس میں سرفراز مرچنٹ پیش ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق لندن منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے الطاف حسین، سرفراز مرچنٹ، طارق میر اور افتخار قریشی کو طلب کیا۔ تاہم سرفراز مرچنٹ سماعت کیلئے پیش ہوئے، اسکاٹ لینڈ یارڈ کی درخواست پر مقدمے کی سماعت بند کمرے میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے ساتھ ہی پبلک گیلری میں موجود افراد کو باہر جانے کی ہدایت کی گئی۔
مقدمے کی سماعت کے موقع پر سرفراز مرچنٹ اپنے وکلاء کے ساتھ عدالت میں موجود تھے جبکہ الطاف حسین، طارق میر اور افتخار قریشی کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور ان کی طرف سے پیش نہ ہونے پر معذرت کرتے ہوئے پیشی کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔
سرفراز مرچنٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان پیسوں کے جائز ہونے کے تمام ثوبت ہیں اس لئے حاضر ہوا ہوں۔ پیشی کا مقصد بتانا ہے کہ میرے پیسے جائز اور اس کے ثبوت بھی ہیں۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ نے جج سے استدعا کی کہ کیس پیچیدہ ہے تحقیقات کیلئے مزید وقت چاہئے، پولیس کے مطابق ابھی تک ایم کیو ایم، سرفراز مرچنٹ نے ضبط رقم کے ثبوت فراہم نہیں کئے ، جس پر عدالت نے مقدمے کی سماعت کو ملتوی کر دیا۔
دوسری جانب ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق متحدہ نے ضبط کی گئی رقم کیس میں ضمانت میں توسیع کی درخواست نہیں کی۔ پولیس نے کیس میں تفتیش کیلئے مزید وقت مانگ لی ہے۔