لندن: اندرون لندن میں واقع علاقے ہیکنی میں دو روز قبل قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والا 18 سالہ نوجوان اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس نے قتل میں ملوث 17 سالہ نوجوان کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، دو روز قبل ہیکنی میں زخمی حالت میں ملنے والا نوجوان اسرائیل اوگُن سولا اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا۔
لندن پولیس کا کہنا تھا کہ ہیکنی میں بُری طرح زخمی ہونے والے 18 سالہ نوجوان اسرائیل پرقاتلانہ حملے کے شبے میں 17 سالہ برطانوی نوجوان کو سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتارکرکے قتل کا مقدمہ درج کردیا ہے۔
پولیس کے ترجمان انسپکٹرپاؤل کا کہنا تھا کہ 17 سالہ افریقی نژاد برطانوی شخص مشکوک حالت میں جائے حادثہ پرپایا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیکنی کی عمارت کے قریب نوجوان کے زخمی ہونے کے بعدعلاقہ مکینوں نے پولیس کو فون کرکے واقعے سے آگاہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ سات دنوں میں مشرقی لندن میں 6 افراد کو فائرنگ اور چاقو زنی کی متعدد وارداتوں میں قتل اور زخمی کیا جاچکا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کو مجسٹریٹ عدالت نے قتل کی دفعات کے تحت قید کی سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔