لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور لانگ مارچ کی خصوصی سیکیورٹی کا پلان تیار کرلیا گیا، کنٹینر کے اطراف خصوصی سیکیورٹی حصار ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی راولپنڈی آمد کے معاملے پر عمران خان اور لانگ مارچ کی خصوصی سیکیورٹی کا پلان تیار کرلیا گیا۔
6 ہزار سے زائد پولیس نفری سیکیورٹی کی ڈیوٹی پرمعمور ہوگی ، مقررہ روٹ کی عمارتوں کی چھتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکارتعینات ہوں گے۔
سی سی ٹی وی اورڈرون کیمروں سے روٹ کی نگرانی کی جائےگی جبکہ عمران خان کے کنٹینر کے اطراف خصوصی سیکیورٹی حصار ہوگا۔
مقررہ روٹ پولیس حکام کو ملتے ہی خصوصی اسکیننگ کی جائے گی اور مری روڈ پر کل سے استقبالیہ کیمپ قائم کئے جائیں گے۔
خیال رہے اسپیشل برانچ نے عمران خان پر ایک اورقاتلانہ حملے کی رپورٹ دی ہے ، جس کے بعد سے زمان پارک کی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور زمان پارک میں معمول سے ہٹ کرپولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔