لاہور : پنجاب میں کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد لاہور کے اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم نے کہا کہ اگر عوام نے احتیاط نہ کی تو حالات کنٹرول سے باہر ہو سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال بدتر ہوتی جارہی ہے، لاہور کے اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اور تمام اسپتالوں میں آکسیجن کا استعمال بڑھ گیا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران شہر کے 8 سرکاری اسپتالوں میں آکسیجن کے استعمال میں 35 فیصد اضافہ ہوا، میو اسپتال میں آکسیجن کے استعمال میں یومیہ 66 فیصد اضافہ، جناح اسپتال میں آکسیجن کا استعمال مزید 60 فیصد بڑھ گیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سروسز اسپتال آکسیجن کے استعمال میں 55 فیصد ،جنرل اسپتال میں 41 فیصد، نوازشریف اسپتال یکی گیٹ میں47 فیصد، گنگارام اسپتال 33 فیصد، کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں 24 پی کے ایل آئی میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔
پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن سلنڈر کی سپلائی کے حوالے سے کوئی رکاوٹ نہیں، فی الحال اسپتالوں میں بروقت آکسیجن کی سپلائی کو یقینی بناتے ہیں۔
ڈاکٹر اسد اسلم کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے احتیاط نہ کی تو حالات کنٹرول سے باہر ہو سکتے ہیں، ایک ہفتے کے دوران آکسیجن کے استعمال میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔