کراچی: شہر قائد کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں ڈکیت تین منزلہ عمارت میں لوٹ مار کرکے باآسانی فرار ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گلشن ٹاؤن کی حدود ابو الحسن اصفہانی روڈ مبینہ ٹاؤن تھانے کے قریب ملزمان نے پہلی، دوسری اور تیسری منزل پر باآسانی لوٹ مار کی اور فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان نے پہلی منزل سے تیس ہزار، دوسری سے 70 ہزار لوٹے اور تیسری منزل سے ملزمان 2 لاکھ مالیت سے زائد سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔
مبینہ ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی واردات کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، علاقہ مکینوں سے معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ شہر میں ڈکیتی کی وارداتیں روز کا معمول بن گئی ہیں، گزشتہ روز نیو ٹاؤن تھانے کی حدود میں ملزمان گھر سے سوا کروڑ کی ڈکیتی کرکے باآسانی فرار ہوگئے تھے۔
ادھر عزیز آباد پولیس نے گزشتہ روز گھر میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی تھی، پولیس کے مطابق ملزمان گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہورہے تھے کہ فائرنگ کا تبادلہ جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی ہوا۔
ڈاکو اپنے زخمی ہونے والے ساتھی کو لے کر فرار ہوگئے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔