لندن : قومی کرکٹ ٹیم نے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر شاندار فتح اپنے نام کرلی، پاکستان نے64 رنز کا ہدف ایک وکٹ پرپورا کیا ، پاکستان کی یہ مسلسل دوسری فتح ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں لارڈز کا میدان پاکستان کے نام رہا، انگلینڈ کی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
چوتھے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو انگلش بلے باز چند منٹ کے مہمان ثابت ہوئے، دوسرے ہی اوور میں محمد عباس نے بٹلر کو ٹھکانے لگادیا، نئی گیند ملتے ہی محمد عامر کی سوئنگ بھی واپس آگئی جس کے بعد اسٹورٹ براڈ اور ڈومینک بیس بھی جلد رخصت ہوگئے۔
اس طرح انگلینڈ کی پوری ٹیم 242 رنز آؤٹ ہوگئی، چوتھے روز صرف7 رنز کے اضافے سے انگلینڈ کے چار کھلاڑی پویلین واپس لوٹے۔ پاکستان کو جیت کیلئے معمولی 64 رنز کا ہدف ملا تو اظہرعلی چار رنز پر بولڈ ہوگئے، اس کے بعد حارث سہیل اور امام الحق نے اور کسی اور کھلاڑی کو وکٹ پر آنے کی زحمت نہ دی۔
حارث سہیل نے وننگ شاٹ لگا کر کرکٹ کے گھر لارڈز میں پاکستان کو پانچویں فتح دلوائی، محمد عباس نے میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیںاور مین آف دی میچ قرار پائے۔ محمد عامرنے 5 وکٹیں جبکہ حسن علی نے کل 4 اور شاداب خان دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی لارڈز میں یہ مجموعی طور پر پانچویں جبکہ مسلسل دوسری فتح ہے، اس سے قبل مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان نے لارڈز کے میدان میں ٹیسٹ میچ جیتا تھا اور یادگار پش اپس بھی لگائے تھے۔
انگلش ٹیم بیٹنگ بالنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں آؤٹ کلاس ہوگئی، میچ میں پاکستان کے بالرز اور بلے باز چھائے رہے۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں ہی چار ففٹیز بنائی گئیں، اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق اور شاداب خان نے انگلینڈ کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔
مزید پڑھیں: لارڈز ٹیسٹ، تیسرا روز، انگلینڈ کے6وکٹوں کے نقصان پر235رنز
ایک موقع پر انگلینڈ اننگز کی شکست سے بال بال بچا، میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی فیلڈنگ بھی بہت بہترین رہی، عمدہ کیچز پکڑ کر میچ کو اپنی گرفت میں کیے رکھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔