بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا نے لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ کی وجہ سے ہونے والی وسیع پیمانے پر تباہی پر پریشان کن بیان جاری کیا ہے۔
امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی بھیانک آگ تاحال بے قابو ہے، 6 روز میں 275 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے اب بھی ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی بھیانک آگ کی تازہ ترین صورت حال
7 جنوری 2025 کو لگی جنگل کی آگ کے حوالے سے لاس اینجلس میں رہائش پذیر بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے اپنی خیریت اور اہم اپ ڈیٹ مداحوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کی ہے۔
طویل عرصے سے اپنے شوہر کے ہمراہ لاس اینجلس میں مقیم پریتی زنٹا نے آگ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ اب تک اس آگ سے محفوظ اور خیریت سے ہیں۔
پریتی زنٹا نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں یہ دن دیکھوں گی جب آگ ہمارے آس پاس کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی، شہر میں دوست اور خاندان کے افراد یا تو نقل مکانی کر چکے ہوں گے یا ہائی الرٹ پر ہوں گے اور راکھ دھندلے آسمانوں سے برف کی طرح نیچے گررہی ہوگی۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’ہر جگہ خوف اور بے یقینی کی کیفیت ہے کہ اگر ہوا نہ تھمی تو کیا ہوگا، ہمارے ساتھ چھوٹے بچے اور بزرگ بھی ہیں، اپنے گرد ہونے والی تباہی کو دیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے‘۔
اداکارہ پریتی زنٹا نے کہا کہ میں خدا کی شکر گزار ہوں کہ ہم ابھی تک محفوظ ہیں، میری دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو بےگھر ہو چکے ہیں اور جنہوں نے اس آگ میں سب کچھ کھو دیا ہے، امید ہے کہ ہوا جلد تھم جائے اور آگ پر قابو پا لیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس کے جنگلات کی خوفناک آگ سے متاثر ہونے والوں میں بھارتی اسٹار اننیا پانڈے کی کزن الانا پانڈے بھی شامل ہیں، جنہوں نے اس تکلیف دہ تجربے کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔
واضح رہے کہ لاس اینجلس ہالی ووڈ کا مرکزی مقام ہے جہاں ہالی وڈ کے بڑے بڑے ستاروں کے گھر ہیں اور وہ وہاں رہتے ہیں، اس آگ میں بیلا حدید، پیرس ہلٹن، انتھونی ہاپکنز ، جیف بریجز، بلی کرسٹل، یوجین لیوی، جان گڈمین، مارک ہیمیل اپنے گھر کھو چکے ہیں۔