لاہور: سروسز اسپتال کے ریڈیالوجی ٹاور کے افتتاح سے قبل ہی ساڑھے 3 کروڑ روپے کی فلورو اسکوپی مشین کو زنگ لگ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کو حکام کی مبینہ غفلت کے باعث ساڑھے 3 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑ گیا، سروسز اسپتال کے ریڈیالوجی ٹاور کے افتتاح سے قبل ہی ساڑھے 3 کروڑ روپے کی فلورو اسکوپی مشین زنگ آلود ہو گئی ہے۔
ریڈیالوجی ٹاور کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کرنا ہے، ریڈیالوجی ٹاور کے لیے فلورو اسکوپی مشین ساڑھے 3 کروڑ روپے میں خریدی گئی تھی، معاملے پر ہیڈ آف ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ نے چیئرمین انسپکشن کمیٹی کو خط لکھ دیا۔
چیئرمین انسپکشن کمیٹی وسیم حیات اور پروفیسر وارث فاروق کی سربراہی میں یہ مشین خریدی گئی تھی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فلورو اسکوپی مشین فرانسیسی ساختہ ہے، اور مشین براہ راست اسپتال ہی پہنچائی گئی تھی، مشین پر ڈبل پیکنگ کی گئی تھی، تاہم مشین کے کور کے بڑے حصے پر زنگ واضح طور پر موجود ہے۔
واضح رہے کہ اس مشین کی انسپکشن نیو ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ شمائلہ سیمیں ملک نے انسپکشن کمیٹی ارکان کی موجودگی میں گزشتہ ماہ 26 تاریخ کو کی تھی، انھوں نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر لکھ دیا تھا کہ باکس نمبر 5 کا کالم اور اسٹرکچر پرانا، استعمال شدہ اور زنگ آلود ہے، مشین میں خرابی بھی ہے اور کمپنی کے نمائندے کی جانب سے پارٹس بھی فراہم نہیں کیے گئے۔
سروسز اسپتال لاہور کی پروفیسر شمائلہ سیمیں نے کہا کہ ان خرابیوں کے باعث یہ مشین مکمل طور پر تبدیل ہوگی اور اس کی جگہ نئی لائی جائے، مریضوں اور ادارے کے مفاد میں اس مشین کو کسی بھی طور قبول نہیں کیا جا سکتا۔