ٹاؤنٹن: ورلڈ کپ 2019 کے 17 ویں میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 41 رنز سے شکست کے بعد کپتان سرفراز نے اعتراف کیا کہ پاکستان ٹیم نے میچ بہت زیادہ غلطیوں کی وجہ سے ہارا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے میچ ہارنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے، تاہم پارٹنر شپ طویل ہو جاتی تو میچ کی صورت حال مختلف ہوتی۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ شروع اور درمیان کے اوورز میں ہم نے بولنگ اچھی نہیں کی، آخری 20 اوورز بہت اچھے تھے، جن میں ہم نے کم بیک کیا۔
کپتان نے کہا کہ ہم اچھا کھیل رہے ہیں، بس تھوڑی غلطیاں ہیں جن پہ قابو پانا ہے، تاہم شاداب خان کو ڈراپ کرنے کا افسوس نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ2019: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 41 رنز سے شکست
سرفراز کا یہ بھی کہنا تھا کہ شعیب ملک اچھا کھیل سکتے ہیں، مجھے اُمید ہے کہ شعیب ملک وننگ اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دریں اثنا، کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے عزم کا اظہار کیا کہ روایتی حریف بھارت سے میچ جیتنے کے لیے اچھا کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو میگا ایونٹ میں دوسری بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ٹاؤنٹن کے میدان میں آج پاکستانی ٹیم 308 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 266 رنز پر آؤٹ ہو گئی، فاسٹ بولر محمد عامر کی پانچ وکٹیں بھی ضایع گئیں۔