عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہونے والی اے آر وائی فلمز کی میگا بجٹ اور میگا کاسٹ فلم ’لو گرو‘ نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے۔
اے آر وائی فلمز کی شاندار پیشکش فلم لو گرو کو شائقین کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی، اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فلم نے اب تک 55 کروڑ 3لاکھ روپے کا بہترین بزنس کیا۔
اس فلم نے پاکستان میں 29 کروڑ دو لاکھ جبکہ بیرون ممالک میں 26 کروڑ ایک لاکھ روپے کمائے۔ رومانوی کامیڈی فلم ’لو گُرو‘ نے اپنے پہلے ہفتے میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ناظرین نے اس فلم میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی جوڑی کو بے حد پسند کیا۔
اس فلم کے ہدایت کار معروف فلم ساز ندیم بیگ ہیں جبکہ اس کی کہانی واسع چوہدری نے تحریر کی ہے، فلم میں رومانس کے ساتھ ساتھ پشتو اور پنجابی تڑکے والا مزاح بھی شامل ہے جو شائقین کو خوب پسند آرہا ہے۔
اس فلم کا ایک گانا ’رات کے سائے‘ بھی مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ چکا ہے، جس میں اداکارہ رمشا خان اور ہمایوں سعید نے پرفارم کیا ہے جبکہ گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
اس گانے میں رمشا خان کی پرفارمنس کو بھی مداحوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے جبکہ لباس، رقص اور اسکرین کیمسٹری نے بھی مداحوں کو بےحد متاثر کیا ہے۔