پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی ہمائیوں سعید اور ماہرہ خان کی نئی فلم ‘لو گرو’ کے ٹریلر نے آتے ہی شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
سلمان اقبال فلمز، اے آر وائی فلمز اور سکس سگما پلس کی جانب سے پیش کردہ فلم ‘لو گرو’ کا ٹریلر اتوار کی شب لانچ کیا گیا، انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں فلم کو ہنسی، محبت اور بہت سارے جذبات کا امتزاج قرار دیا گیا ہے۔
ٹریلر میں ہمائیوں سعید بظاہر ایک ایسے لڑکے کا کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں جو بہت ساری لڑکیوں سے فلرٹ کرنے میں ماہر ہے اور لڑکیوں کا پھنسانا اس کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔
فلم میں جاوید شیخ جو کہ ماہرہ خان کے والد ہیں وہ ہمائیوں کو ماہرہ خان کو اپنی محبت کے دام میں پھنسانے کا ٹاسک دیتے ہیں، تاہم ہیرو کا بالآخر ہیرؤن سے پیار ہوجاتا ہے۔
میکرز نے پوسٹ میں بتایا کہ فلم کو اس عید قرباں پر ریلیز کیا جائے گا جبکہ فلم کے حوالے سے شائقین کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ ایک ایسی کہانی کے لیے تیار ہو جائیں جو انھیں ہنسائے گی، رلائے گی اور پھر سے محبت کا احساس دلائے گی۔
فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ندیم بیگ نے انجام دیے ہیں جبکہ اسے واسع چوہدری نے تحریر کیا ہے، ہمائیوں سعید اور ماہرہ خان کے علاوہ فلم میں جاوید شیخ، مرینہ خان، سوہائے علی ابڑو، مومنہ اقبال اور دیگر اداکار شامل ہیں۔