کراچی: شہر قائد میں 4 ماہ قبل ہی ہونے والی پسند کی ایک شادی کا انجام بیوی کے افسوس ناک قتل پر منتج ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں ایک شخص عبداللہ نے اپنی نئی نویلی دلہن لائبہ کو جان سے مار دیا ہے، پولیس نے بیوی کو قتل کرنے والے شوہر گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اور مقتولہ نے 4 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، تاہم دونوں میں فوراً ہی جھگڑے شروع ہو گئے تھے، ان جھگڑوں کے باعث مقتولہ شادی کے بعد بار بار ناراض ہو کر میکے چلی جاتی تھی۔
شاہ فیصل پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام جھگڑے کے دوران ملزم نے طیش میں آ کر بیوی پر حملہ کیا، جس سے اس کی جان چلی گئی۔
لی مارکیٹ میں 4 خواتین کا لرزہ خیز قتل، پولیس تحقیقات شروع، گھر کا سربراہ زیر حراست
مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں مدعی نے کہا کہ میری بیٹی پر ساس تشدد کرتی اور کھانا نہیں دیتی تھی، 17 اکتوبر کو عبداللہ نے لائبہ کو دھمکی دی کہ گھر کا کام نہیں کیا تو چھوڑ دوں گا، 18 اکتوبر کی رات بیٹی کے سسر نے بتایا کہ جھگڑے میں لائبہ کو چھری لگ گئی، جب ہم اسپتال پہنچے تو بیٹی لائبہ کی لاش مردہ خانے میں پڑی تھی، ماں کے اکسانے پر عبداللہ نے میری بیٹی کو قتل کیا۔
ادھر کراچی میں قتل کی ایک اور لرزہ خیز واردات ہوئی ہے، لی مارکیٹ زینب آرکیڈ کی چھٹی منزل سے 4 خواتین کی گلا کٹی لاشیں ملی ہیں، جنھیں تیز دھار آلے سے مارا گیا تھا، پولیس نے گھر کے سربراہ فاروق اور اس کے 2 بیٹوں کو گھر سے حراست میں لے لیا ہے، قتل ہونے والوں میں فاروق کی بیوی، بیٹی، بہو اور نواسی شامل ہیں، پولیس کو شبہ ہے کہ قتل میں گھر کا قریبی فرد ملوث ہے، گھر کا سربراہ فاروق اور ایک بیٹا ٹرانسپورٹ اور مویشیوں کا کاروبار کرتا ہے۔