کراچی : شدید بارش برسانے والا سسٹم عمان کی جانب بڑھ گیا تاہم مغربی راجستھان پر بننے والا کم دباؤ شمال مغربی راجستھان اور شمال مشرقی سندھ پر موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مون سون کاشدید بارش کاباعث بننے والا کم دباؤ مغرب میں عمان کی جانب بڑھ گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مغربی راجستھان پر بننے والا کم دباؤ بھی شمال مغربی راجستھان اور شمال مشرقی سندھ پر موجود ہے، جس کے بعد 2 سے 3 دن نواب شاہ ،خیرپور ،سکھر لاڑکانہ اور دیگر اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت بدین ٹھٹہ سجاول حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا 29 جولائی تک مطلع جزوی ابر آلود اور ہلکی بارش اوربوندا باندی کا امکان رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خضدار لسبیلہ حب اور کیرتھر رینج میں مسلسل شدید بارشوں حب ڈیم پر دباؤ ڈال سکتی ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کےمختلف حصوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ سیلابی ریلوں کی صورت اختیار کررہا ہے۔
جھل مگسی میں دوسرا بڑا سیلابی ریلہ سگھڑی پل سے گزراجس سے درجنوں گھر زیر آب آگئے، مکانات منہدم مال مویشی بہہ گئے۔
گوادر میں دریائے ھنگول میں پانی کی سطح بلند ہوجانے سے پل مکمل طور پر پانی میں ڈوب چکا ہے۔