دیربالا: گزشتہ روز شدید برف باری کے باعث راستہ بند ہونے پر مسافروں کو سخت سردی میں لواری ٹنل کے آس پاس رات گزارنی پڑی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق دیر بالا اور چترال کو ملانے والی لواری ٹنل سڑک گزشتہ رات شدید برف باری کے باعث بند ہوگئی تھی، علاقے میں رات بھر برف پڑتی رہی، جس کی وجہ سے گاڑیاں پھنسی رہیں اور مسافروں نے رات لواری ٹنل کے آس پاس گزاری۔
تاہم صبح ہوتے ہی انتظامیہ اور این ایچ اے کی بھاری مشینری نے سڑک سے برف ہٹا کر راستہ کھول دیا، ڈپٹی کمشنر دیربالا اکمل خٹک نے بتایا کہ سڑک کو 10 گھنٹے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
دیر بالا اور چترال کو ملانے والی لواری ٹنل سڑک کلیئر ہوتے ہی وہاں برف کی وجہ سے پھنسی گاڑیاں چترال کی طرف روانہ ہوگئیں۔
لواری ٹنل اپروچ روڈ سائیڈ میں ہلکی برفباری جاری ہے ۔
سفر کے دوران سنو ٹائر چین کے استعمال کو یقینی بنائیں ۔
خوراک اور گرم کپڑے ساتھ رکھیں ۔
برفباری کے دنوں میں رات کے وقت سفر کرنے سے گریز کریں ۔
شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ لوئر چترال پولیس۔ pic.twitter.com/RQJ3sSfNhu— Lower Chitral Police, KPK (@ChitralPolice) February 6, 2022
شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ لوئر چترال پولیس نے مسافروں کو خبردار کیا تھا کہ لواری ٹنل سائیڈ روڈز پر 18 انچ برف پڑھ چکی ہے، اس لیے غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
گزشتہ روز بھی پولیس کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ مسافر سفر کے دوران سنو ٹائر چین کے استعمال کو یقینی بنائیں، خوراک اور گرم کپڑے ساتھ رکھیں، اور برف باری کے دنوں میں رات کے وقت سفر کرنے سے گریز کریں۔