ہفتہ, مئی 24, 2025
اشتہار

ایل پی جی اور سی این جی کی قیمتوں‌ میں‌ اضافہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ماہ ستمبر کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں پانچ روپے اضافہ کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اوگرا نے ماہ ستمبر کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ کردیاگیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق گھریلوسلنڈر کی قیمت میں فی کلو 58 روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت اضافے کے بعد 223 روپے تک پہنچ گئی۔

حالیہ اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 2060 جبکہ کمرشل سلنڈر 7 ہزار 926 رپے تک پہنچ گیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق اکتیس اگست کی رات 12 بجے کے بعد سے تیس ستمبر تک ہوگا۔

دوسری جانب سی این جی ایسو سی ایشن نے بھی کل بدھ سے سندھ بھر میں  سی این جی کی قیمت بڑھا کر 180 روپے فی کلو کرنے کا اعلان کردیا۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین شعیب خانجی نے کہا کہ ’4 ستمبر کو ہم پورے سندھ میں کام بند کردینگے، حکومت سے ہماری کمیٹی مستقل رابطے میں ہے مگر وزارت پیٹرولیم ہماری بات سننے کو تیار نہیں، سابق ایم ڈی ایس ایس جی سی نے ہمیں سی این جی سے ایل این جی پر منتقل کروایا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’آر ایل این جی حکومتی اقدامات کے باعث مہنگی ہورہی ہے، اب ہماری سی این جی کی سیل پرائس 180 روپے تمام خرچوں کے بعد بن رہی ہے، موجودہ زیادہ ریٹ پر ہی سی این جی کی سیل ختم ہوچکی ہے، جب تک عالمی مارکیٹ میں قیمتیں زیادہ ہیں جی ایس ٹی میں کمی جائے، اس وقت بھی 70 درخواستیں ایس ایس جی سی میں سی این جی اسٹیشن پر گیس کنکشن بند کرنے کی موجود ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’حکومت آر ایل این جی کی قیمت  اور ٹیکسوں کی مد میں فوری کمی کرے کیونکہ لوڈشیدنگ، ٹیکسوں میں اضافے اور قیمتوں میں رد و بدل سے سیکٹر کو نقصان پہنچ رہا ہے، ایل این جی پر لگایا گیا 17 فیصد ٹیکس ختم کی جائے‘۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ ’اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو سی این جی اسٹیشن  بند کردیں گے، ان سب کے روزگار متاثر ہونے اور سیکٹر کی بندش کی ذمہ دار حکومت ہوگی‘۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں