راولپنڈی : پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کئے گئے، لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کر دیئے گئے ہیں جبکہ حال ہی میں ترقی پانے والے لیفٹینیٹ جنرلز کو انکی نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو آئی ایس آئی کا چیف مقرر کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی کورکمانڈر منگلا تعینات کیا گیا، کورکمانڈرپشاورلیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر کو لگایا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز ملٹری سیکریٹری جی ایچ کیو ہوں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عدنان وائس چیف آف جنرل اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو آئی جی آرمز کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔
فرنٹیئر فورس رجمنٹ کے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر موجودہ ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) ہیں اور اس سے پہلے انھوں نے سیاچن میں ڈویژن کمانڈ کی ہے۔ وہ آپریشنل ایریا میں بریگیڈ کی کمان سنبھال چکے ہیں۔
عاصم منیر پاکستان ملٹری اکیڈمی یعنی پی ایم اے کے فارغ التحصیل نہیں بلکہ انھوں نے آفیسرز ٹریننگ سکول سے فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔
خیال رہے 28 ستمبر کو پاک فوج کے 6 میجر جنرل کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی تھی، ترقی پانے والوں میں میجر جنرل شاہین مظہر، میجر جنرل عدنان، میجر جنرل ندیم ذکی منج، میجر جنرل عبدالعزیز، میجر جنرل عاصم منیر اور میجر جنرل وسیم اشرف شامل تھے۔
واضح رہے پاکستان کے اہم ترین خفیہ ادارے انٹرسروسز انٹیلی جنس ایجنسی یعنی آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی مدت ملازمت یکم اکتوبر کو مکمل ہوگئی تھی۔
نوید مختار کو موجودہ آرمی چیف نے عہدہ سنبھالنے کے بعد 2016 میں خفیہ ایجنسی کا سربراہ مقرر کیا تھا، وہ اس سے پہلے کور کمانڈر کراچی تعینات تھے۔
چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان سے گذشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سبکدوش ہونے والی ڈی جی آئی ایس آئی نے ملاقات کی تھی جس میں ادارے کے نئے سربراہ کی تقرری سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی تھی۔