اسلام آباد: سابق آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پیش ہوں گے، اسد درانی سے کتاب پران کے خیالات کی وضاحت لی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کی طلبی پرسابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں پیش ہوں گے جہاں وہ اپنی کتاب ’دی اسپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس‘ میں درج مندرجات پروضاحت دیں گے۔
جنرل (ر) اسد درانی کی کتاب پرپاک فوج کے تحفظات، 28 مئی کو جی ایچ کیو طلب
خیال رہے کہ 25 مئی کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کو 28 مئی کوجی ایچ کیو طلب کیا گیا ہے، ملٹری کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پوزیشن واضح کرنا ہوگی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ملٹری کوڈ آف کنڈکٹ تمام حاضراور ریٹائرڈ فوجیوں پرلاگو ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل اسد درانی اگست 1990 سے مارچ 1992 تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے ہیں جنہوں نے سابق را چیف اے ایس دلت کے ساتھ مل کرایک کتاب ’دی اسپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس‘ لکھی ہے۔
کتاب میں جن معاملات پر روشنی ڈالی گئی، اُن میں کارگل آپریشن، ایبٹ آباد میں امریکی نیوی سیلز کا اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا آپریشن، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری، حافظ سعید، کشمیر، برہان وانی اور دیگر معاملات شامل ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔