اسلام آباد : ن لیگی رہنما لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبد القیوم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج نہیں بلکہ نظام سے بغاوت کرنے جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبدالقیوم نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں بھی جمہوریت ہے وہاں احتجاج ہوتے ہیں، سیاسی بلوغت کا تقاضا ہے ایسا اقدام نہ کیا جائے، جس سے قومی سلامتی پرحرف آئے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مرنے مارنے کی بات احتجاج نہیں بلکہ بغاوت ہے، پُرامن جگہ پردھرنا کسی جگہ دینا ہے تو دیں مگرمعیشت کو نقصان نہ پہنچائیں۔
عبدالقیوم نے کہا کہ گوانتاناموبے میں بے گناہ لوگوں کو رکھنے والے ہمیں انسانی حقوق کا بتائیں گے؟ پی ٹی آئی احتجاج نہیں بلکہ نظام سے بغاوت کرنے جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ توڑتے ہوئے اسلام آباد آنے کی بات کا مطلب حملہ کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کے دوست سمجھداری کا مظاہرہ کریں اور بیٹھ کر بات کریں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ن لیگ حکومت سے بیٹھ کر بات کرے، یقین ہے مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔