دنیا کے مختلف ممالک کی سیاحت کا شوق رکھنے والے طویل مدت پروازوں کو بھول جائیں، "ایڈونچرز بائی ٹرین” نامی کمپنی ٹرین میں سفر کا نیا اور منفرد پروگرام پیش کر رہی ہے۔
ایڈونچرز بائی ٹرین کمپنی نے 100 دن کے اندر دنیا بھر کی پر تعیش سیر اور منفرد تجربے کی پیشکش کی ہے، لیکن ٹکٹ سستا نہیں اس کی قیمت جان کر حیران رہ جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کےمطابق ’ایڈونچرز بائی ٹرین‘ نامی ایک نیا ٹور آپریٹر 12 مسافروں پر مشتمل ایک چھوٹے گروپ کے لیے شاندار 100 روزہ پروگرام پیش کر رہا ہے، اس ٹرین کا سفر یورپ، ایشیا اور پھر شمالی امریکہ تک محیط ہے۔
یہ یادگار سفر کل 14 ممالک پر مشتمل ہوگا جن میں فرانس، سوئٹزر لینڈ، آسٹریا، ہنگری، رومانیہ، بلغاریہ، ترکی، جارجیا، آذربائیجان، قازقستان، چین، جاپان، کینیڈا اور امریکہ شامل ہیں۔
اس ٹور آپریٹر کمپنی کی جانب سے اعلان گیا ہے کہ اس ٹرین کے ذریعے دنیا بھر کی سیر کا آغاز 17 مارچ 2026 سے ہوگا۔
اس حوالے سے کمپنی کے ڈائریکٹر جم لوتھ نے بتایا کہ موجودہ دور میں زیادہ تر لوگ ماحول دوست سفر پسند کرتے ہیں اور ان کی جانب سے طیاروں سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ پر تحفظات کا اظہار کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کی سیر کے ایسے ماحول دوست طریقے کی پیشکش کر رہے ہیں جس کے لیے کسی پرواز میں سوار ہونے کی ضرورت نہیں، کمپنی کی جانب سے 12 افراد کو ٹرین پر دنیا کی سیر کرائی جائے گی۔
یاد رہے کہ تمام تر آسائشوں کے سے ساتھ پُرتعیش ٹرین میں سفر کا ٹکٹ اتنا سستا نہیں ہے کیونکہ اس کی فی کس قیمت ایک لاکھ 46 ہزار 184 ڈالرز (4 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔
لیکن اگر میاں بیوی یا دو دوست اس کی بکنگ کرواتے ہیں تو ایک لاکھ 16 ہزار 468 ڈالرز فی کس ادا کرنا ہوں گے۔
کمپنی کے ڈائریکٹر جم لوتھ کا کہنا ہے کہ اس سفر کے مراحل کو مختلف طریقوں میں تقسیم کیا ہے جیسے کچھ مقامات پر لوگ بحری جہاز میں سفر کریں گے۔
مسافروں کے لیے ایک ٹور لیڈر بھی ہوگا جو مختلف مقامات پر انہیں سیر کرائے گا، اس سفر کا آغاز لندن سے ہوگا اور اس کا اختتام بھی لندن میں ہی ہوگا۔
اس کے علاوہ ٹوکیو سے کینیڈا تک کا سفر ٹرین کی بجائے پرتعیش بحری جہاز میں کیا جائے گا جو 23 دنوں پر مشتمل ہوگا۔