کراچی: لیاری کے حالات دگرگوں ہوگئے، گٹر میں گرنے والا چار سالہ بچہ دم توڑ گیا، اہل محلہ نے واقعے پر شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی لیاری کوپیرس نہ بنا سکی، کھلے گٹر شہریوں کو نگلنے لگے، کھلے مین ہول کا شکار بننے والا بچہ زندگی کی بازی ہار گیا.
ننھا ہارون 19 جنوری کو گٹرمیں گرا تھا، اسے زندہ گٹر سے نکالا گیا، مگر اس کی حالت بے حد بگڑ چکی تھی، بچہ بارہ دن تک اسپتال میں رہا،مگر جانبر نہ ہوسکا اور زندگی کی بازی ہار گیا.
واقعے کے بعد علاقہ مکین انتظامیہ پر پھٹ پڑے۔ اہل محلہ کا کہنا تھا کہ لیاری کا کوئی پرسان حال نہیں، مین ہولوں پر ڈھکن نہیں، گلیوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہیں۔
سعید غنی اور واٹر بورڈ اس صورتحال کے ذمے دار ہیں: عالمگیر خان
پیپلزپارٹی تو لیاری کی قسمت نہیں بدل سکی، البتہ اس علاقے سے جیتنے والی پی ٹی آئی بھی کوئی کارنامہ انجام نہیں دے سکی.
اس ضمن میں اے آر وائی نیوز نے سماجی تحریک فکس اٹ کے بانی اور پی ٹی آئی کے ایم اے عالمگیر خان سے رابطہ کیا.
عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ صرف لیاری نہیں پورے کراچی کا یہی حال ہے، مین ہول اور سیوریج سسٹم محکمہ بلدیات کے ذمے ہے، سعید غنی اور واٹر بورڈ اس صورتحال کا ذمے دار ہیں.
انھوں نے کہا کہ سیوریج کے مسائل کےحل میں صوبائی حکومت غیرسنجیدہ ہے، ہم لیاری میں کل سے مین ہول کے ڈھکن لگائیں گے.