اتوار, ستمبر 8, 2024
اشتہار

قتل کے بعد لاش بوریوں میں ڈال کر ندی میں پھیکنے والوں کو رینجرز نے گرفتار کر لیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے لیاری میں  مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے لیاری میں  مشترکہ کارروائی کی، کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے 2 انتہائی مطلوب ملزمان شہزاد اور نوید کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی گروپ سے ہے، ملزمان سے وارداتوں میں استعمال اسلحہ و ایمونیشن اور منشیات برآمد ہوا ہے۔

- Advertisement -

ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان احمد علی مگسی کی ہدایت پر 50 سے زائد افراد کو اغوا کے بعد قتل کر چکے ہیں، ملزمان قتل کے بعد لاشوں کو بوریوں میں ڈال کر لیاری ندی اور اطراف میں پھینکتے تھے۔

ترجمان  کے مطابق گرفتار ملزمان بھتہ وصولی، جوئے کے اڈے چلانے میں بھی ملوث ہیں، بھتے، جوئے کے پیسے لیاری گینگ وار سرغنہ عزیربلوچ، احمد علی مگسی کو بھجواتے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے  مطابق ملزمان 2010 میں احمد علی مگسی گروپ میں شامل ہوئے، ملزمان کے گروپ میں منا قریشی، کاشف عرف کاشی، خالد عرف امیر، شان مہاجر شامل ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق اس گروپ میں سردار آصف عرف مٹھو، علی رضا، باسط عرف موت، جبار لنگڑا اور دیگر ملزمان بھی شامل ہیں، ملزمان گروپ کمانڈر کی ہدایت پر شہریوں کو لسانیت کی بنیاد پر شناخت کے بعد اغوا کرتے تھے، اغوا کے بعد سنگولین میں سلمان چیئرمین کے بنگلے میں بنائے گئے ٹارچر سیل میں لاتے تھے، تشدد کے بعد قتل کر کے مختلف علاقوں میں لاشوں کو بوریوں میں بند کر کے پھینک دیتے تھے۔

ترجمان کے مطابق 2013 میں ملزمان نے پرانا گولیمار سے انیس کو لسانی بنیاد پر 2 دوستوں کے ہمراہ اغوا کیا تھا، ٹارچر سیل میں لاکر قتل کے بعد لاش کو لیاری ایکسپریس وے حسن اولیا ویلیج کے پاس پھینکا تھا۔

دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ محمد حنیف شخص کو دوست کے ہمراہ بلدیہ سے اغوا کر کے قتل کے بعد لاش کو لیاری ندی میں پھینکا، خلیل بلوچ کو جہان آباد سے اغوا کیا قتل کے بعد لاش کو بوری میں ڈال کر لیاری ندی میں پھینک دیا۔

ترجمان کے مطابق وحید عرف ساجن کو کمہار واڑہ لیاری سے اغوا کر کے قتل کیا اور لاش مرزا آدم خان روڈ پر پھینکی، ملزمان نے 2017 میں ساتھیوں کے ہمراہ اصغر علی عر ف ماما گارڈن بلوچ کو چاکیواڑہ میں قتل کیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزما ن نے 2018 میں عبدالمجید بلوچ کو باکڑہ چوک سنگولین میں فائرنگ کر کے قتل کیا، اس کے علاوہ بھی ملزمان متعدد افراد کو اغوا کے بعد تشدد اور قتل کرنے میں ملوث رہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ احمد علی مگسی کی ہدایت پر مختلف تاجروں کے نمبر اس کو فراہم کرتے تھے، احمد علی مگسی کی تاجروں سے بات کروا کر بھتہ وصول کر کے بیرون ملک بھیجواتے تھے۔

 ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزما ن متعدد پولیس مقابلوں اور مخالف گروپوں کیخلاف لڑائیوں میں بھی ملوث رہے ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ترجمان رینجرز نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کو اسلحہ و ایمونیشن اور منشیات سمیت قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا ہے

Comments

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں