کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام جشن آزادی کی تقریبات میں اسی جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں جس کی قوم کو ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی کے موقع پر منعقدہ لیاری پیپلزاسٹیڈیم میں کیا، اُن کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے دشمنوں کو جشن آزاد ی منا کر جواب دیتے ہوئے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ’’کوئٹہ میں بزدلانہ حملہ کرکے ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر ہم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے لیاری اور فٹبال گراؤنڈ کی حالت دیکھ کرمیرا دل خون کے آنسو روتا تھا تاہم سیکیورٹی اداروں کی کوششوں سے اب لیاری کے حالات بہتر ہوگئےہیں۔
مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’پیپلزاسٹیڈیم کو جلد بین الاقوامی معیار کی طرح بنایا جائے گا اور اس میں آل پاکستان فٹبال ٹورنمنٹ بھی منعقد کیا جائےگا ، اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ لیاری میں بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے قیام کے بعد انجیئرنگ کالج کا قیام عمل میں لایا جائے گا‘‘۔
لیاری میں امن و امان کا سہرا رینجرز کو دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ’’ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے جشنِ آزادی کےموقع پر فٹ بال میچ کے انعقاد کا مشورہ دیا تھا، جس پر میں اُن کا تہہ دل سے شُکر گزار ہوں‘‘۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے فٹبال میچ کے اختتام پر تقریر کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’’میرا بھی فٹبال کھیلنے کا بہت دل چاہتا ہے مگر یہ کھیل جوانوں کا ہے‘‘۔