کراچی : پاکستان میں خواتین کی فلاح بہبود اور ان کو معاشرے میں بہتر مقام دلانے کی غرض سے مختلف این جی اوز اپنا مؤثر کردار ادا کررہی ہیں جن میں ’وِن‘ نامی این جی او بھی شامل ہے۔
دنیا بھر میں خواتین زندگی تمام شعبوں میں بھرپور محنت کررہی ہیں لیکن پاکستان کے کچھ علاقوں میں ایسی خواتین بھی ہیں جنہیں صرف تھوڑی سی توجہ کی ضرورت ہے جس سے وہ معاشرے میں اپنا بہتر مقام حاصل کرسکتی ہیں۔
شہر قائد کے پسماندہ علاقے لیاری میں ’ون‘ نامی این جی او خواتین کی تعلیم و تربیت کے حوالے سےنمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔
اسی سماجی تنظیم کے زیر اہتمام ’سہیلی کی بیٹھک‘ کے نام سے ایک آرگنائزیشن بھی کام کررہی ہے، جس میں علاقے کی خواتین اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر ایک جگہ جمع ہوتی ہیں۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کراچی کی نمائندہ روبینہ علوی نے ’سہیلی کی بیٹھک‘ کا دورہ کیا اور وہاں موجود خواتین اور لڑکیوں سے ان کے مسائل معلوم کیے۔
سہیلی کی بیٹھک کی ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ علاقے کی بہت ساری خواتین اور لڑکیاں یہاں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں مخلتف امور میں رہنبمائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔
وہاں آنے والی بچیوں نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ وہ یہاں آکر انگلش لینگوئج کے ساتھ ساتھ ٹیوشن بھی پڑھتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم پڑھے لکھ کر اپنے لیاری اور پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتی ہیں۔