فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فرانس جون میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر سکتا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مقصد اسرائیل فلسطین تنازع پر اقوام متحدہ کی کانفرنس میں اس اقدام کو حتمی شکل دینا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کا کہنا ہے کہ ایسا کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں کررہا بلکہ ایسا کرنا ہی درست ہوگا۔
ایمانوئل میکرون نے کہا کہ ہمیں فلسطین کو ایک ریاست کی حیثیت سے تسلیم کرنے کی طرف بڑھنا چاہیے اور ہم آنے والے چند مہینوں میں ایسا کریں گے۔
فلسطینی حکام نے فرانسیسی صدر کے بیان کو فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور دو ریاستی حل کے سلسلے میں درست سمت کی جانب ایک قدم قرار دیدیا۔
لاکھوں اسرائیلی خاندان خیراتی اداروں کے کھانوں پر زندگی گزارنے پر مجبور
ان کا کہنا تھا کہ ہم فلسطینیوں کے مقروض ہیں جن کے ساتھ طویل عرصے سے غیر منصفانہ سلوک کیا گیا ہے، اور ہم اس خطے کے مرہون منت ہیں جو تنازع نہیں بلکہ امن چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 4 دسمبر 2024 کو فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے اعلان کیا تھا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ مل کر فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے مشترکہ کانفرنس بلائیں گے۔
اسرائیل اور ممکنہ فلسطینی ریاست کا حوالہ دیتے ہوئے صدر میکرون نے کہا تھا کہ جون میں کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور میں اس کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔