تازہ ترین

کراچی: 20 افراد کو کاٹنے والے پاگل کتا رینجرز اہل کاروں نے ٹھکانے لگا دیا

کراچی: شہر قائد کے علاقے ایف سی ایریا میں دو دن قبل ایک سب انسپکٹر سمیت 20 افراد کو کاٹنے والا پاگل کتا آخر کار رینجرز اہل کاروں نے ٹھکانے لگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایف سی ایریا میں ایک پاگل کتے نے بیس افراد کو کاٹ کر شدید خوف پھیلا دیا تھا، مدد کے لیے آنے والا سب انسپکٹر بھی نہ بچ سکا، رینجرز اہل کاروں نے آخر کار اسے مار دیا۔

ادھر عزیز آباد بلاک ٹو میں بھی کتوں کے حملوں میں 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں، جس کے بعد شہریوں نے آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگانے کا پرزور مطالبہ کر دیا ہے۔

14 اکتوبر کو پاگل کتے کے کاٹنے کے واقعات کے بعد ایف سی ایریا کی وسطی مسجد علاقے کے مکین خوف سے گھروں میں محصور ہو گئے تھے، جب کہ انتظامیہ کا نام و نشان بھی نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  پاگل کتے کے کاٹے سے سب انسپکٹر سمیت 12 افراد اسپتال پہنچ گئے

یاد رہے کہ چند دن قبل کراچی کے علاقے قائد آباد میں کتے کو مارنے والے اناڑی پولیس اہل کار نے بچی کو زخمی کر دیا تھا، کتے نے بچوں پر حملہ کیا تو نامعلوم پولیس اہل کار نے اس پر گولی چلائی جس سے کتا تو مر گیا لیکن گولی واپس ہو کر بچی کو بھی لگ گئی جس سے وہ زخمی ہو گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے رے بیز کیسز سے بڑھتی اموات کے پیش نظر صوبے بھر میں کتا مار مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر سمیت تمام بلدیاتی کونسلرز کو آوارہ کتے پکڑنے کا ٹاسک دیا تھا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، جب کہ رے بیز سے اموات کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے، جس پر حکومتی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا چکا ہے، دوسری طرف کتے کے کاٹے کی ویکسین کی عدم دستیابی کا مسئلہ بھی موجود ہے۔

Comments

- Advertisement -