دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست میں غیر ملکی ملازمہ کو چوری شدہ کپڑے پہن کر تصویر بنانا اور اسے انسٹاگرام پر شیئر کرنا مہنگا پڑ گیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی کے ایک کفیل نے انسٹاگرام پر اپنی ملازمہ کی شیئر کردہ تصویر دیکھی جس میں وہ اُس کی اہلیہ کا چوری شدہ جوڑا پہنی ہوئی تھی۔
کفیل نے اپنی بیوی کو جوڑا چوری ہونے کی اطلاع دی اور پھر ملازمہ کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔
دبئی کی عدالت میں کفیل نے بیان دیا کہ وہ گزشتہ ماہ انسٹاگرام استعمال کررہا تھا کہ اسی دوران فلپائنی ملازمہ کا اکاؤنٹ سامنے آیا، جب اُس نے آئی ڈی پر کلک کیا اور تصاویر دیکھنا شروع کیں تو اُن میں سے ایک میں ملازمہ نے اہلیہ کا جوڑا پہنا ہوا تھا۔
اماراتی شہری نے بتایاکہ ’جب میں نے اپنی بیوی کو ملازمہ کی تصویر دکھائی تو اُس نے فورا کپڑے شناخت کرلیے، مزے کی بات یہ بھی تھی کہ ملازمہ نے یہ تصویر ہمارے ہی گھر میں بنائی تھی‘۔
کفیل نے بتایا کہ ’میں اپنی اہلیہ کے ساتھ ملازمہ کے کمرے میں گیا اور الماری کی تلاشی لی تو اُس میں سے اہلیہ کا چوری شدہ جوڑا برآمد ہوا‘۔
علاوہ ازیں اُس کے کمرے سے بیوی کی دیگر چوری شدہ اشیا جیسے میک اپ کا سامان، جوتے اور دیگر چیزیں برآمد ہوئیں جن کی مالیت 500 درہم کے قریب بنتی ہے۔
شہری کی شکایت کے بعد پولیس نے ملازمہ کو گرفتار کر کے اُس کا موبائل ضبط کرلیا، ملازمہ نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا۔