کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کا بل تیارکرلیا ہے جسے منظوری کے لیے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس صبح 10بجے شروع ہوا،اجلاس میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ امن و امان اورموثرانتظامی امور کے حوالے سے ضروری اور اہم قانونی مسودے منظور کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی جس کے بعد صوبائی مشیر برائے قانون کی جانب سے مدارس کی رجسٹریشن کا مسودہ پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق کابینہ نے مدارس کی رجسٹریشن کے بل کی منظوری دیدی بل میں چند ترامیم کی جائیں گی اور 15دنوں میں مسودے کو اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔
سندھ کابینہ نے مدارس کی رجسٹریشن کے علاوہ سوشل بل ترمیمی آرڈیننس ،ٹرانسپرنسی اور اطلاعات تک رسائی کا مسودہ قانون بھی منظور کر لیا ہے اجلاس میں سوشل ویلفیئر و ٹرانسپرنسی سمیت دیگر مسودات قانون کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے بعد سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے قانونی مشیر وہاب مرتضیٰ کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے قانونی مسودے کی تفصیلات سے آگاہ کیا،اُن کا کہنا تھا کہ مدارس دین کے ترویج اور معاشرے کے اصلاح احوال کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
مدارس کی انتظامیہ کومدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے بنائے گئے قانونی مسودے سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہونا چاہیے یہ مسودہ نیشنل ایکشن پلان میں طے گئے متفقہ نکات کا حصہ ہے جسے اہل علم حضرات کی رضامندی حاصل ہے۔