کراچی: مدھو بالا ہتھنی کی چڑیا گھر سے منتقلی کے سلسلے میں فور پاز کے ماہرین پھر سفاری پارک پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مدھو بالا ہتھنی کی چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقلی کے سلسلے میں جانوروں کی عالمی تنظیم فور پاز کے ماہرین سفاری پارک پہنچ گئے، جہاں ہتھنی کے لیے قدرتی ماحول کی طرح جگہ تیار کی جا رہی ہے۔
فور پاز کے ماہرین نے جگہ کا تفصیلی معائنہ کیا، یہاں مالیکا اور سونیا نامی ہتھنیاں پہلے ہی موجود ہیں، اور مدھو بالا کی چڑیا گھر سے منتقلی کی تاریخ کا اعلان کچھ روز بعد کیا جائے گا۔
ہتھنی کی منتقلی کے لیے ڈاکٹر عامر خلیل تمام معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں، عالمی تنظیم فور پاز کے ڈاکٹر عامر خلیل نے بتایا کہ ان کا مقصد مدھو بالا کو قدرتی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، اس سلسلے میں سفاری پارک میں کام آخری مرحلے میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نومبر کے اوائل میں ہتھنی کو چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کر دیا جائے گا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مدھو بالا کی صحت اچھی ہے، اور وہ سونیا اور مالیکا نامی ہتھنیوں کے ساتھ آسانی سے گھل مل جائے گی۔