تازہ ترین

مسجد نبویﷺ کے قریب خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کی بھی شناخت ہوگئی

مدینہ منورہ: مسجد نبویﷺ کے قریب خودکش حملہ کرنیوالے دہشتگرد کی بھی شناخت ہوگئی جبکہ سعودی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جدہ میں حملہ کرنیوالا پاکستانی شہری تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز مسجد نبوی ﷺ کے قریب خود کش حملہ کرنے والے کی شناخت کرلی گئی، حملہ آورکی شناخت عمرعبدالہادی عمر جعید العتیبی کے نام سے ہوئی ہے۔ خودکش حملہ آور 18 سالہ سعودی شہری تھا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق عمرعبد الہادی سیکیورٹی فورسز کو دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھا۔

اس سے قبل جدہ میں امریکی قونصل خانے کے قریب خودکش دھماکہ کرنے والے دہشتگرد کی شناخت عبداللہ گلزار خان کے نام سے ہوئی، سعودی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جدہ میں حملہ کرنیوالا پاکستانی شہری تھا۔

یاد رہے گزشتہ روز سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف اور مدینہ منورہ میں تین بم دھماکے ہوئے، قطیف میں دو دھماکے مسجد العمران میں ہوئے جبکہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے قریب ایک دھماکا ہوا، جس میں چار سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

جدہ میں امریکی قونصل خانے کے قریب دھماکے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

مدینہ مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس شہر ہے، جہاں مسجد نبوی میں پیغمر اسلام (صلی اللہ علیہ وسلم) کی تدفین ہوئی اور ہر سال لاکھوں مسلمان دنیا بھر سے مسجد نبوی آتے ہیں، خاص طور پر حج کے موقع پر اور ماہ رمضان میں بہت بڑی تعداد میں مسلمان عبادت کے لیے مسجد نبوی جاتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -