مدینہ منورہ کے موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے ادارہ امورحرمین نے مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آنے والوں سے کہا ہے کہ وہ نمازوں کی ادائیگی کے لیے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجد نبویؐ کے کھلے برآمدوں اور بیرونی صحنوں میں رکھے مصلے اٹھا لیے جائیں گے تاکہ انہیں بارش سے محفوظ رکھا جاسکے۔
رپورٹس کے مطابق انتظامیہ نے مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آنے والے زائرین سے کہا ہے کہ وہ نمازوں کے لیے آتے وقت اپنی جائے نماز ساتھ لائیں تاکہ بیرونی صحن میں جگہ ملنے کی صورت میں اپنی جائے نماز بچھا کرنماز کی ادائیگی کرسکیں۔
یاد رہے کہ موسمیات کے قومی مرکز نے منگل کو قصیم، ریاض، مشرقی ریجن، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک اور الجوف میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ماہ رمضان المبارک کے دوران تراویح کی نماز ادا کرنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ پہنچتے ہیں جس کے باعث مسجد کے اندر جگہ ختم ہوجاتی اور لوگ بیرونی صحنوں میں نماز ادا کرتے ہیں۔
مسجد کے بیرونی صحنوں میں عام طورپر انتظامیہ کی جانب سے مصلے بچھائے جاتے ہیں، مگر بارش کے دوران انہیں وہاں سے ہٹا دیا جاتا ہے۔
قبل ازیں سعودی عرب میں حرمین شریفین کے امور کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی نے بتایا ہے کہ مسجد نبوی مدینہ منورہ میں گزشتہ ہفتے کے دوران 50 لاکھ 32 ہزار169 زائرین نے حاضری دی۔
مسجد الحرام مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر
جنرل اتھارٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 لاکھ 49 ہزار388 زائرین نے مسجد نبوی روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی جبکہ 2 لاکھ 69 ہزار 238 زائرین نے ریاض الجنہ (روضہ شریفہ) میں نماز ادا کی۔
اتھارٹی کے مطابق مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 10 ہزار302 سے زیادہ زائرین نے ترجمے کی خدمات سے استفادہ حاصل کیا۔ مسجد نبوی کے مخصوص حصوں میں ایک لاکھ 34 ہزار 85 روزہ داروں میں افطار پیکٹ تقسیم کیے گئے۔