بالی ووڈ کے نامور فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ نے پاکستانی گلوکار کا مشہور گانا چرانے پر لائیو شو کے دوران ان نے معافی مانگی تھی۔
پاکستان کے معروف گلوکار وارث بیگ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ معروف بالی ووڈ ڈائریکٹر مہیش بھٹ ان سے معافی مانگ چکے ہیں، مہیش نے وارث کے مقبول گانے ’کل شب دیکھا میں نے چاند جھروکے میں‘ کی دھن کاپی کرنے پر ان سے معافی مانگی تھی۔
گلوکار وارث بیگ کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں ایک نجی چینل کے پروگرام میں میزبان نادیہ خان کے ساتھ شریک تھے، اس دوران میزبان نے مجھے اور مہیش بھٹ کو ایک ساتھ لائیو کال پرلیا۔
پاکستانی سنگر نے بتایا کہ اس دوران مہیش بھٹ نے میرے گانےکی دھن کاپی کرنے پر مجھ سے معافی مانگی، بھارتی ہدایت کار مہیش بھٹ نے مجھے کہا تھا کہ ہم نے آپ کا گانا آپ کی اجازت کے بغیر استعمال کیا جس کیلئے میں معذرت خواہ ہوں۔
وارث بیگ نے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ وہ بھارت گئے اور وہاں جاکر وہاں کے فنکاروں ک کو کام دیا اور اس کے لیے انھیں ادائیگی بھی کی، انھوں نے بھارت جاکر دو ویڈیوز بنائی تھیں، دونوں ویڈیوز ملائیکا اروڑا اور امریتا اروڑا کے ساتھ بنائیں.
وارث بیگ کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں سے لوگ بھارت کام لینے جاتے ہیں لیکن میں نے بھارت جاکر بھارتیوں کو کام دیا اور اس کا معاوضہ دیا، یہ اس وقت کی بات ہے کہ جب پاکستانیوں کیلئے بھارت جانا آسان نہیں تھا۔
ملائیکا اور امریتا کے ساتھ میوزک ویڈیوز کے تجربے کے حوالے سے گلوکار وارث نے بتایا کہ بھارت میں لوگ وقت پر آجاتے ہیں اور وقت ختم ہونے پر جانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں، وہاں پروفیشنلزم زیادہ پایا جاتا ہے۔